سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں جموں کی سرحد پر تعینات بھارتی فوج کے ایک میجر نے اپنا کمرہ اندر سے بند کر کے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اہل خانہ کا کہنا ہے کہ میجر مبارک سنگھ پڈا نے جموں کے علاقے میں قائم فوجی بیس کے اپنے کمرے میں خود کو بند کرکے سرکاری رائفل سے خودکشی کرلی۔
اہل خانہ کے بقول میجر مبارک سنگھ پڈا کو اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ اُن کے کمرے سے کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا اور نہ ہی انھیں کوئی ذہنی مسائل تھے۔
بھارتی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو پندرہ روز میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی۔
تاہم ماضی میں ایسی کسی انکوائری کی کوئی رپورٹ کبھی منظر عام پر نہیں آسکی ہے۔
میجرمبارک سنگھ پڈا کا تعلق جالندھر سے تھا۔ ان کی لاش ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردی گئی۔
یارہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث بھارتی فوجیوں میں خودکشی کے واقعات عام ہیں۔ 2007 سے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ایسے واقعات کی تعداد 600 سے تجاوز کرگئی۔