راولپنڈی:سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 21 اور 22 نومبر کو سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران تین دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد حق یار آفریدی عرف خیبرای اور گلہ جان ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا ہے۔
ادھر آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے۔ فورسز کو جنوبی وزیرستان میں پاکستان-افغانستان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلا جو سرحد پار سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش کو ناکام بنایا جس میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بارہا افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی جانب مؤثر سرحدی انتظامات کو یقینی بنائے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکا جائے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ افغان حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور دہشت گردوں کو کسی بھی قسم کی معاونت فراہم نہ کرے۔ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دراندازی اور دہشت گردی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔ قوم کے تعاون سے ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا جائے گا۔