کراچی: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی کی والدہ و سینیئر اداکارہ افشاں قریشی نے بیٹے سے اپنی ناراضگی کا اظہار کردیا۔
سینیئر اداکارہ افشاں قریشی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میرا بیٹا فیصل قریشی اسٹار بن گیا ہے، میرے بیٹے کو عالمی سطح پر شہرت ملی ہے اور آج وہ جس مقام پر ہے پاکستان میں دوسرا کوئی اداکار اس مقام پر نہیں۔
افشاں قریشی نے کہا کہ میں ہمیشہ سے ہی اپنے بیٹے کو بڑا اسٹار دیکھنا چاہتی تھی، فیصل قریشی کے بچپن میں خالد بٹ صاحب عُمرے کی سعادت حاصل کرنے جارہے تھے تو میں نے اُنہیں اپنے بیٹے کے لیے دُعا لکھ کر دی تھی کہ اللہ تعالیٰ میرے بیٹے فیصل قریشی کو اتنا عروج دینا جتنا امیتابھ بچن کو ملا ہے اور جس طرح پوری دنیا امیتابھ کو پہچانتی ہے بالکل ویسے ہی میرے بیٹے کو بھی پہچانے۔
سینیئر اداکارہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے یہی دُعا تھی کہ فیصل بڑا اسٹار بن جائے لیکن میں نے اپنی دُعاؤں میں ایک غلطی کردی، وہ یہ کہ میں نے کبھی یہ دُعا نہیں کی کہ اللہ تعالیٰ فیصل کو ایک بہت اچھا بیٹا اور اچھا انسان بھی بنائے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں سب کے بیٹوں کو یہی پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اپنے ماں باپ کی عزت کرو، اُن کی خدمت کرو کیونکہ ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کروگے تو آپ کو جنت ملے گی، اگر آپ اپنے والدین کو ٹھکرا دو گے تو اللہ تعالیٰ بھی آپ کو ٹھکرا دے گا۔
فیصل قریشی کی والدہ نے مزید کہا کہ ماں باپ کو بڑھاپے میں کچرا سمجھ کر نہیں پھینکو، بڑھاپے میں والدین کا سہارا بنو، اُن کی عزت کرو اور اُن کی دُعائیں لو۔
خیال رہے کہ فیصل قریشی کی والدہ نے اپنے انٹرویو میں یہ واضح نہیں کیا کہ اُن کے اور فیصل قریشی کے درمیان کیا اختلافات ہیں۔