اسلام آباد: وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے ) سمیت24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرچکی ہے۔ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام 16ویں آل پاکستان چیمبر ز صدور کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے کاروباری رحجانات کے مطابق ہمیں بھی تبدیلیاں لانا ہوں گی،بزنس کرنا حکومت کا کام نہیں بلکہ کاروباری طبقے کو ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے لیے مناسب ماحول پیدا کرنا حکومت کی اصل ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بزنس اور تجارت کو فروغ ملے گا تو نہ صرف ملک میں خوشحالی آئے گی بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور اْس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت 24سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کر چکی ہے جس میں پی آئی اے سر فہرست ہے اور پی آئی اے کی نجکاری کو براہ راست ٹی وی پر دکھایا جائے گا۔
انہوں نے اس امر کا یقین دلایا کہ پی آئی اے سمیت تمام منصوبوں کی نجکاری میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقین بنایا جائے گا جس کے لیے میڈیا سے بھی مدد حاصل کریں گے۔
عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بہتر ماحول فراہم کر دیا جائے تو سرمایہ کار فوری طور پر دلچسپی لیں گے،اب تک پی آئی اے کی نجکاری کے لیے کئی اہم کاروباری گروپس رابطہ کر چکے ہیں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کاروبار کرنا یا چلانا حکومت کا کام نہیں، حکومت کا کام کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرنا ہے، کاروبار ہوگا تو ملک میں خوشحالی آئے گی اور اس سے عام آدمی کو بھی فائدہ ہوگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سمیت تمام اداروں کی نجکاری میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے اہم بزنس گروپس نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ میں چیمبر آف کامرس اور ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے اور اس معاملے پر چیمبر آف کامرس حکومت کے شانہ بشانہ چلے ، بھرپور ساتھ دیں گے۔
عبدالعلیم خان نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام 16ویں آل پاکستان چیمبرز کے صدور کی پر وقار کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ سرمایہ کاری کونسل معاشی بہتری اور کاروباری طبقے کے اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔