برسلز: امریکا اور اقوام متحدہ کے بعد اسرائیل کے ایک اور اتحادی یورپی یونین نے بھی رفح میں ایک بڑے فوجی آپریشن کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے رفح میں اپنی فوجی کارروائی نہ روکی تو اس سے یورپی یونین کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات خراب بھی ہوسکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رفح میں اسرائیلی فوج کی کارروائی غزہ میں انسانی امداد کی تقسیم میں رکاوٹ بن رہی ہے اور اس سے اندرون شہر نقل مکانی، قحط اور مصائب میں اضافہ ہوگا۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے رفح میں پناہ لینے والے 10 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو دوسرے علاقوں میں ہجرت کرنے کا حکم دیا ہے کیوں کہ یہاں وہ بڑا فوجی آپریشن کرے گا۔
جس پر امریکا اور اتحادی ممالک نے بھی اسرائیل پر اس عمل سے باز رہنے پر زور دیا تھا۔ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیل جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعدد 35 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔