نیو ہیمپشائر: ایک تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ اسکیزوفرینیا میں مبتلا کچھ افراد ایک نایاب بصری حالت میں بھی مبتلا ہو سکتے ہیں جس میں لوگوں کے چہرے خوفناک حد تک بگڑے ہوئے نظر آتے ہیں۔
اس حالت کو prosopometamorphopsia (پی ایم او) کہا جاتا ہے۔ اس میں اسکیزوفرینیا کے مریض کو دوسروں کے چہرے کے خدوخال بگڑے ہوئے نظر آتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محققین نے کہا کہ پی ایم او کے شکار افراد اکثر دوسرے لوگوں کے چہروں کو دیکھ کر پریشانی میں مبتلا ہوتے ہیں۔ تاہم محققین نے یہ بھی بتایا کہ خوش قسمتی سے زیادہ تر کیسز میں یہ حالت صرف چند دن یا ہفتوں تک رہتی ہے لیکن کچھ کیسز ایسے بھی رپورٹ ہوئے ہیں جس میں یہ حالت سالوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔
امریکا کی ڈارٹ ماؤتھ یونیورسٹی میں نفسیاتی اور دماغی علوم کے پروفیسر اور مطالعے کے سینئر مصنف، بریڈ ڈوشائن نے کہا کہ ہم نے اکثر دیکھا ہے پی ایم او والے متعدد افراد میں فسیاتی ماہرین اسکیزوفرینیا تشخیص کرتے ہیں اور انہیں اینٹی سائیکوٹکس ادویات بھی دی جاتی ہیں لیکن ان میں اس اہم مسئلے کو زیرِ غور ہی نہیں لایا جاتا جو کہ بصری نظام سے تعلق رکھتا ہے۔