تل ابیب :اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکا کی فلسطینی ریاست کی پیشکش یکسر مسترد کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک پریس کانفرنس کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے امریکا کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ اسرائیل غزہ کے تنازع کے اختتام پر فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت کرتا ہے۔
نیتن یاہو نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ غزہ میں جنگ اسرائیل کی فتح، حماس کے خاتمے اور یرغمالیوں کی واپسی تک جاری رہے گی، اس میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو دریائے اردن کی تمام مغربی پٹی (وہ علاقہ جو مستقبل میں کسی بھی فلسطینی ریاست کے قیام میں شامل ہو سکتا ہے) کا مکمل سکیورٹی کنٹرول اپنے پاس رکھنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ ضروری شرائط ہیں جو کسی بھی فلسطینی ریاست کے قیام کے منصوبے کی مخالفت کرتی ہیں اور میں نے امریکی دوستوں کو یہ واضح کر دیا ہے کہ میں اسرائیل کی سلامتی کو خطرہ پہنچانے والی کسی بھی کوشش کی مخالفت کروں گا۔