اسلام آباد: قاتل ممالک کی فہرست میں ہندوستان بھی شامل ہوگیا، معروف امریکی جریدے فارن پالیسی نے مودی سرکار کی جانب سے بڑھتی ٹارگٹ کلنگ پر خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ سیکرٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل کاکہنا ہے کہ اقوام متحدہ کو ریاستی سرپرستی میں کیے جانے والے ماورائے عدالت قتل پر تحقیقاتی ٹیم بنانی چاہیے۔
فارن پالیسی جریدے کے مطابق روس، اسرائیل اور شمالی کوریا کے بعد اپنے شہریوں کو غیر ملکی سر زمین پر قتل کرنے میں بھارت بھی شامل ہوگیا ہے ،18 جون کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کے اجرتی قاتلوں نے کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کر دیا تھا۔
جسٹن لنگ کاکہنا ہے کہ سکھ رہنما کو سکھوں کے حقوق اور آزاد خالصتان ریاست کے قیام کے مطالبہ پر قتل کیا گیا، نجر کے قتل کے بعد مودی سرکار نے امریکہ میں مقیم سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کا منصوبہ بنایا، امریکی خفیہ اداروں کی بروقت کاروائی سے بھارتی منصوبہ رنگی ہاتھوں پکڑا گیا۔
فارن پالیسی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعے نے امریکہ بھارت تعلقات شدید متاثر کیے، صدر بائیڈن نے بھارتی دعوت نامہ بھی ٹھکرا دیا، کینیڈین وزیراعظم کے الزامات سچائی پر مبنی تھے۔
اس حوالے سے سیکرٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل کاکہنا ہے کہ اقوام متحدہ کو ریاستی سرپرستی میں کیے جانے والے ماورائے عدالت قتل پر تحقیقاتی ٹیم بنانی چاہیے۔