غزہ:حماس اسرائیل 4 روزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی قید سے رہا ہونے والی فلسطینی خاتون اپنے پیاروں کے پاس پہنچ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو طرفہ جنگ بندی معاہدے کے بعد 24 سالہ مارہ صیہونی قید سے رہا ہونے والی پہلی فلسطینی خاتون ہیں، مارہ کے گھر پہنچنے پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، والدہ رہا بیٹی کو دیکھ کر خوشی سے آبدیدہ ہو گئیں۔
دوسری جانب القسام بریگیڈ نے بھی قیدیوں کو رہا کرنے کی ویڈیو جاری کر دی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 13 اسرائیلی قیدی ریڈ کراس کے حوالے کیے جا رہے ہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس نے 13 اسرائیلی قیدی ریڈ کراس کے حوالے کر دیئے، قیدیوں کو مصر سے بذریعہ ہیلی کاپٹر اسرائیل لایا جائے گا، اسرائیلی گاڑیوں کا قافلہ قیدیوں کو لینے مصر کے بارڈر پر پہنچا۔
خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت عارضی جنگ بندی کا آغاز ہو گیا، عارضی جنگ بندی کا آغاز غزہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوا ہے جو آئندہ 4 روز یعنی منگل کی صبح 7 بجے تک جاری رہے گا۔
معاہدے کے تحت حماس نے 12 تھائی شہریوں سمیت 25 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا ہے، رہائی پانے والے یرغمالیوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، رہا کیے گئے افراد کو رفاہ کراسنگ سے اسرائیلی حکام کے حوالے کیا گیا۔
دوسری جانب تھائی لینڈ کے وزیر اعظم نے بھی حماس کی جانب سے رہائی پانے والے 12 یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق کر دی، تھائی شہریوں کو تل ابیب میں طبی مراکز میں رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ حماس کی قید میں تقریباً 240 اسرائیلی یرغمالی موجود ہیں جن میں سے 25 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا، یرغمالیوں میں اسرائیل، ارجنٹینا، برطانیہ، چلی، فرانس، جرمنی، پرتگال، سپین، تھائی لینڈ اور امریکی شہری شامل ہیں۔