لاہور: خوبرو نوجوان اداکارہ سبینہ فاروق کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں سے زیادہ بھارتی مداح کام اور آرٹ کو زیادہ اچھے طریقے سے سمجھتے ہیں۔
حال ہی میں نشر ہونے والے مقبول ڈراما سیریلز ’کابلی پلاؤ‘ اور ’تیرے بن‘ میں دو مختلف کردار ادا کرنے والی اداکارہ سبینہ فاروق نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی۔
پوڈکاسٹ کے دوران اداکاری کے کیریئر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان میں کوئی اداکار نہیں ہے، وہ واحد لڑکی ہیں جن کا تعلق شوبز انڈسٹری سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اسلام آباد میں پی ٹی وی کے سیریل کیلئے آڈیشن دیا تھا، پہلا پروجیکٹ کرنے کے بعد مجھے اندازہ ہوگیا کہ مجھے اداکاری کرنی چاہیے۔
سبینہ نے شوبز انڈسٹری میں دو اداکاروں کے درمیان شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دو دن قبل انڈسٹری کے دو لوگوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ان کی علیحدگی ہوگئی ہے، مجھے بہت دکھ ہوا، انڈسٹری میں ایک جوڑے کی مثال کو دیکھ سب کے بارے میں ایک ہی مؤقف قائم نہیں کرنا چاہیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کے اندر بھی کئی لوگوں کی کامیاب شادی چل رہی ہے، انڈسٹری کے باہر بھی کئی لوگوں کی علیحدگیاں ہو رہی ہیں، فرق صرف یہ ہے کہ میڈیا پر شوبز انڈسٹری کی شادیاں زیادہ ہائی لائٹ ہوتی ہیں۔
سبینہ فاروق نے کہا کہ ’تیرے بن‘ میں حیا کے کردار کو بھارتی مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا، پاکستان کے مقابلے بھارت میں یہ ڈراما بہت زیادہ دیکھا گیا تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں یہ بات دوبارہ بولوں گی چاہے مجھے تنقید کا سامنا کیوں نہ کرنا پڑے کہ بھارت کے لوگ کام کو سمجھتے ہیں، ان لوگوں نے ’حیا‘ کے کردار کو سمجھا ہے۔انہوں نے مجھے تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے کردار کو انجوائے کیا ہے، ایسی بات کرنے پر مجھے کہا جاتا ہے کہ میں بھارت میں کام کرنے کیلئے ترس رہی ہوں۔