غزہ:اسرائیل کی فوج نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے غزہ میں موجود آبائی گھر کو بم برسا کے تباہ کر دیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق غزہ کے وزیر اعظم اسماعیل ہانیہ کی الشطی مہاجر کیمپ میں واقع رہائش گاہ کو فضائی حملوں سے تباہ کیا گیا، بمباری میں جانی نقصان کا خدشہ ہے۔
اسرائیلی فورسز کی جانب سے چند ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں جن میں لڑاکا طیاروں کے ذریعے ایک گھر کو بمباری سے تباہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، صہیونی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اسماعیل ہانیہ کا گھر ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جس گھر پر اسرائیل کی جانب سے بمباری کی گئی وہاں اسماعیل ہانیہ نے اپنا بچپن گزارا، وہ 2019ء سے غزہ کی پٹی سے باہر مقیم ہیں اور ان دنوں قطر میں ہیں۔
اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کے گھر کو دہشتگردی کے بنیادی ڈھانچے کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا اور اسے حماس کے سینئر رہنما اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کیخلاف براہ راست دہشت گردانہ حملوں کیلئے میٹنگ پوائنٹ کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔