نیویارک:امریکا کی معروف سوشل میڈیا ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ نے پیداواری صلاحیت کو تیز کرنے کے لیے اپنی منیجمنٹ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسنیپ چیٹ نے اپنے تقریباً 20 پروڈکٹ منیجرز کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملازمین کو نوکری سے نکالے جانے کے اس سلسلے کا آغاز کمپنی کی گزشتہ چند ماہ سے جاری تبدیلیوں کے دوران ہوا تاہم رواں سال کی جانے والی ملازمین کی برطرفیاں گزشتہ سال کی جانے والی 13 سو ملازمین کی برطرفیوں کی نسبت بہت کم ہیں۔
اس حوالے سےکمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملازمین کی برطرفیوں کا مقصد فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرنا تھا کیونکہ جن ملازمین کو برطرف کیا گیا ان میں نچلے درجے کے ملازمین اور اعلیٰ سطح کے منیجرز شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق ملازمین کی برطرفی کی ایک اور ممکنہ وجہ کمپنی کی بنیادی ترجیحات کو پورا کرنے اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے اخراجات کو کم کرنا ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ اسنیپ چیٹ نے 2023ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران اپنی آمدنی میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا، کمپنی کی آمدنی چھ ماہ میں پہلی بار 1.19 بلین ڈالر تک بڑھ گئی ہے۔
تاہم اشتہاری کاروبار ابھی تک بحال نہیں ہوا ہے کیونکہ اسنیپ چیٹ نے اپنے سرمایہ کاروں کو مشرق وسطیٰ میں جنگ کی صورتحال کے دوران غلط معلومات کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی وجہ سے سوشل نیٹ ورکس پر اشتہاری سرگرمیوں میں کمی سے خبردار کیا تھا۔
یہاں یہ بات واضح ہے کہ ملازمین کی برطرفیوں سے اسنیپ چیٹ کی مصنوعات یا خصوصیات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔