لاہور: سابق وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ کاکہنا ہے کہ ہم انتخابات کی تیاریاں شروع کرچکے ہیں ، مہنگائی ، دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ سے بڑاکوئی چیلنج نہیں ۔انتخابات میں کامیاب ہو کر وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ فتنے کی ناکامی ملک کو بہت مہنگی پڑی، پاکستان ترقی کی جانب گامزن تھا، خوشحالی کے سفر کو روک کر ایک پراجیکٹ لانچ کیا گیا ، کہا جا رہا تھا کہ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کیسے ختم ہوگی، گھمبیرمسائل کے حل کے لئے ہمارے پاس 5 سال کی مدت تھی مگر ہم نے 4 سال میں دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ن لیگ نے نواز شریف کی سربراہی میں پاکستان کو متعدد بحرانوں سے نکالا، 21 اکتوبر کے جلسے میں پورے ملک سے لوگ شریک ہوئے ، ہم انتخابات کی تیاریاں شروع کر چکے ہیں ، انتخابات میں کامیاب ہو کر وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائیں گے جس کے بعد مہنگائی ختم اور ڈالر کو واپس لائیں گے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف دوسرے صوبوں کے دورے شیڈول کر چکے، وہ آئندہ ہفتے بلوچستان جائیں گے جب کہ ہماری سیاسی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے پنجاب میں جاری ہیں اور ہمار ایک وفد مشاورت کے لئے سندھ گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی کیلئے جینا مشکل نہیں ناکام ہو چکا ہے ، ہم ایک، ایک ڈالر کے لئے آئی ایم ایف کی منت کر رہے ہیں، جی21 کو ہماری معیشت دستک دے رہی تھی جوکہ آج دنیا میں 47ویں نمبر ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہمارے رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالا گیا اس کے باوجود ہم کھڑے رہے، کیا پنجاب میں قومی اسمبلی کی سب سے بڑی پارٹی ن لیگ نہیں تھی؟ 2018ء کے الیکشن میں مشکلات کے باوجود ہم نے کامیابی حاصل کی تھی، ہم ملک اور عوام کو ایک بار پھر بحرانوں سے نکالیں گے۔
پرس کانفرنس میں سعید احمد منہیس سمیت متعدد رہنماؤں نے ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کردیا ۔