مدینہ منورہ : مدینہ منورہ میں واقع اسلام کی پہلی مسجد مسجد قبا میں اس سال عبادت گزاروں نے ریکارڈ تعداد میں شرف عبادت حاصل کی۔
سعودی میڈیا کے مطابق مسجد قبا کی توسیع کا کام خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر 2022 میں شروع کیا گیا تھا۔
اس توسیعی منصوبے کے تحت مسجد کا رقبہ 50،000 مربع میٹر تک ہوگا اور بہ یک وقت 66 ہزار نمازی ادا کرسکتے ہیں۔
علاوہ ازیں مسجد اور اس کے صحن کو 8000 مربع میٹر نئے قالینوں سے آراستہ کیا گیا ہے جب کہ زم زم کو ذخیرہ کرنے کی گنجائش 98000 لیٹر تک پہنچ جائے گئی۔
مسجد قبا کے احاطے میں 14 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبہ شامل ہے، جہاں بزرگوں اور معذور افراد کی نقل و حرکت کے لیے دن رات ٹرانسپورٹ خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
مسجد قبا میں نمازیوں کی تعداد بڑھنے سے اس سال کے آغاز سے اکتوبر تک 19 ملین سے زائد مسلمان فریضۂ نماز ادا کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ مسجد قبا وہ پہلی مسجد تھی جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ساتویں صدی میں مکہ سے مدینہ آمد کے بعد تعمیر کی تھی۔