کابل: افغان طالبان نے ایک بار پھر پاکستان اور فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) کے درمیان ثالثی کی پیشکش کردی۔
برطانوی ادارے انڈیپنڈنٹ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان چاہے تو ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، ہم کسی کو بھی افغانستان سے کسی دوسرے ملک میں جنگ کی اجازت نہیں دیتے۔
ترجمان افغان طالبان نے کہا کہ ہم ثالثی کریں گے کیونکہ ہم یہ پہلے بھی کر چکے ہیں اور پھر کریں گے، ہم جنگ کو پسند نہیں کرتے اور کسی کو افغان سر زمین پاکستان یا کسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی افغان طالبان کی ثالثی میں پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات ہوچکے ہیں۔