واشنگٹن: امریکی سارجنٹ کوربین شولٹز کو رواں برس مارچ میں ریاست ٹینیسی کی سرحد پر واقع فوجی اڈے فورٹ کیمبل سے گرفتار کیا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی فوج کے انٹیلی جنس تجزیہ کار کوربین شولٹز نے تفتیش کے دوران ملکی دفاعی راز حاصل کرکے اسے افشا کرنے کی سازش، بغیر لائسنس کے دفاعی آرٹیکلز سے متعلق تکنیکی ڈیٹا برآمد کرنے، بغیر لائسنس کے دفاعی اشیا برآمد کرنے کی سازش کرنے اور رشوت کے عوض چین کو فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔
امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی اہلکار نے ملکی حساس راز ہانگ کانگ میں رہنے والے ایک ایسے شخص کو42 ہزار ڈالر کے عوض فراہم کیے جس کے بارے میں ملزم کا خیال تھا کہ وہ چینی حکومت کا نمائندہ ہے۔
اعتراف جرم کے بعد امریکی فوجی کوربین شولٹز کو ممکنہ طور پر کئی دہائیوں کی قید ہوسکتی ہے۔ انھیں اگلی سماعت 23 جنوری 2025 کو سزا سنائی جائے گی۔