سرینگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں دو الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر 5 کشمیر نوجوان شہید اور 2 فوجی اہلکار مارے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کُلگام کے گاؤں موڈرگام میں بھارتی فوج، نیم فوجی دستہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور مقامی پولیس پر مشتمل چھاپا مار ٹیم نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی۔
بھارتی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر سے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔ جواب میں اس گھر کو تباہ کردیا گیا۔ گھر کے ملبے سے ایک مسلح نوجوان کی لاش ملی۔
اس کے فوری بعد کلگام کے علاقے فریسام میں بھارتی فوج کی ایک گھر پر شدید گولہ باری میں 4 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جب کہ ایک فوجی اہلکار بھی جوابی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔
ترجمان بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس علاقے میں اب بھی دو عسکریت پسند کہیں چھپے ہوئے ہیں جن کی تلاش کے لیے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا۔
ضلع راجوری میں بھی بھارتی فوجی کے ایک کیمپ کے قریب فائرنگ کی اطلاعات ہیں جس میں ایک فوجی زخمی ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق منجاکوٹ آرمی کیمپ پر رات بھر دہشت گردانہ حملے کی کوشش کی جاتی رہی۔
مقبوضہ کشمیر میں ایک ہی دن میں بھارتی فوج تین حملوں کا سامنا کرنے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی۔ فوجی اڈوں، تھانوں اور چوکیوں کو ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔ سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔