ماسکو: روس کے دارالحکومت میں ایک ایسی عمارت میں آگ بھڑک اُٹھی جس میں روسی فوج کے لیے اسلحہ اور جنگی آلات بنانے والی کمپنی کا دفتر بھی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والے 8 افراد میں سے 2 نے اپنی جانیں بچانے کے لیے کثیرالمنزلہ عمارت سے چھلانگ لگا دی تھی اور شدید چوٹوں کے باعث ہلاک ہوگئے۔
ماسکو کے علاقائی گورنر ووروبیوف نے بتایا کہ عمارت میں آکسیجن سلنڈرز بھی تھے جن میں دھماکا ہوا اور فرش کی سلیبیں گر گئیں۔ پوری عمارت میں دھواں بھر گیا۔
اس عمارت میں 30 کمپنیوں کے دفاتر ہیں جن میں پلاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بھی شامل ہے جس پر امریکا نے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
روسی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پلاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ روسی فوج کے لیے اسلحہ اور آلات ڈیزائن کرتا تھا جن میں لڑاکے طیارے، ہیلی کاپٹر، میزائل وغیرہ شامل ہیں۔
پلاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی پیرنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کا دفتر آتشزدگی میں محفوظ رہا ہے۔ انھوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ یہ دفتر 1990 سے اب نجی ملکیت میں ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ٹاس کے مطابق عمارت میں آگ بجلی کے نظام میں خرابی کی وجہ سے لگی اور 5 ہزار مربع میٹر تک پھیل گئی۔