اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ عوام کی منظوری کے بغیر خیبر پختونخوا میں کوئی آپریشن نہیں ہوگا۔
ایک بیان میں علی محمد خان نے کہا کہ آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس پی آر پارلیمنٹ میں آکر بریفنگ دیں، آپریشن پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔
علی محمد خان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ کوئی آپریشن کی منظوری نہیں دی، بانی پی ٹی آئی ہی آپریشن کا حتمی فیصلہ کریں گے۔
آپریشن عزم استحکام کی پی ٹی آئی، جے یو آئی ف اور اے این پی نے مخالفت کی ہے۔مولانا فضل الرحمان آپریشن عزم استحکام کو آپریشن عدم استحکام قرار دے چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن سے ملک مزید عدم استحکام کا شکار ہوگا، آپریشن کا فیصلہ کوئی اور کرے گا اور ذمے داری سیاسی جماعتیں اٹھائیں گی۔
اے این پی رہنماوں کا کہنا تھا کہ پنجاب دہشت گردوں کا گڑھ ہے، آپریشن کا آغازوہاں سے کیا جائے، وہاں 70 کالعدم تنظیمیں ہیں۔