چینائی: بھارتی ریاست تامل ناڈو میں زہریلی شراب پینے سے 25 افراد ہلاک اور متعدد کی حالت غیر ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو میں ایک تقریب میں زہریلی شراب پینے سے 100 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی جن میں سے 25 افراد نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
اسپتال میں 60 سے زائد افراد زیرِ علاج ہیں جن میں سے 10 کی حالت نازک ہے اور وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ نے زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایسے واقعات کی روک تھام نہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
جس پر تامل ناڈو پولیس نیند سے بیدار ہوئی اور زہریلی شراب بنانے کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔ بھارت میں غیر قانونی طور پر اسمگل ہونے والی شراب سستے داموں بکتی ہے۔
گزشتہ برس بھارتی ریاست بہار میں زہریلی شراب پینے سے 27 افراد ہلاک جب کہ 2022 میں ریاست گجرات میں ایسے ہی واقعے میں 42 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔