واشنگٹن: امریکی صدر، وزیر خارجہ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور کینیڈا کے وزیراعظم سمیت متعدد عالمی رہنماؤں نے عالم اسلام کو عید الاضحیٰ کی مبارک باد دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے عالم اسلام کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میری اور اہلیہ جِل بائیڈن کی طرف سے امریکا اور دنیا بھر میں رہنے والے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ مبارک ہو۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے مزید کہا ہے کہ غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں نے اپنے خاندان اور گھروں کو تباہ ہوتے دیکھا، ان لوگوں کا درد بہت بڑا ہے۔ جنگ کے خاتمے، انسانی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے اور مستقبل کے دو ریاستی حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نےعید کی مبارک باد دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ اس بار عید ایسے وقت آئی ہے جب بہت سے مسلمان شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم جبر، تنازعات، اسلامو فوبیا اور نفرت پر مبنی تشدد کا سامنا کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے بھی غزہ اور دیگر مقامات پر تشدد اور تنازعات کے باعث اپنے پیاروں کے ساتھ عید نہ منا پانے والے تمام مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہاکہ اس بارعید ایسے وقت آئی ہے جب بہت سے مسلمان شدید اذیت میں ہیں، ہم جبر، تنازعات، اسلامو فوبیا اور نفرت پر مبنی تشدد کا سامنا کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ غزہ میں مصائب اور کینیڈا میں بڑھتا اسلاموفوبیا عید کے جشن پربھاری ہے۔