لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بچوں سے عید ملنے ایس او ایس ولیج پہنچ گئے، انہوں نے اس موقع پر 10 لاکھ روپے عطیہ دینے کا بھی اعلان کیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ایس او ایس ولیج میں رہنے والے بچوں سے عید ملی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، انہوں نے یہاں سے نکل کر تمام شعبوں میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ میں ہر عید پر آپ سے ملنے کے لیے آتا رہوں گا،تمام بچوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آپ گورنر ہاوس کا دورہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بڑی محبت اور اپنائیت سے میرے ساتھ پنجاب اور وفاق کے حوالے سے بات کی ہے۔ یہ اتحادی حکومت ہے اور یہ اس کا پہلا بجٹ تھا۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں کچھ گلے شکوے ہیں، مجھے امید ہے کہ جو بھی فاصلے ہیں وہ بات چیت سے ختم وہ جائیں گے۔ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ہماری 3 میٹنگز ہو چکی ہے، امید کرتا ہوں کہ یہ اتحاد اچھی ورکنگ ریلیشن شپ میں تبدیل ہو جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے وفاق سے تحفظات تقریباً دور ہوچکے ہیں، پنجاب میں بھی معاملات حل ہوجائیں گے ۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ن لیگ کو جو سندھ میں ان کا شئیر ہے وہ ضرور ملے گا۔ پیپلز پارٹی نے تمام پولیٹیکل پارٹیز کو لے کر 5 سال حکومت کامیابی سے چلائی۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں مسلم لیگ ن کے ساتھ فارمولا طے ہے۔ گزشتہ 16 ماہ کا تجربہ اچھا نہیں تھا آج ان 16 ماہ کے لیے سخت الفاظ اس لیے استعمال نہیں کر رہا کہ کل ایک اچھی میٹنگ ہوچکی ہے۔ عید کے بعد پیپلزپارٹی اور ن لیگ پارلیمانی ارکان کی میٹنگ ہوگی معاملات طے ہوجائیں گے۔
انہوں نے اس موقع پر ایس او ایس ولیج کے بچوں کے لیے 10 لاکھ روپے کا عطیہ دینے کا اعلان کیا۔