نئی دہلی: بھارتی صدر دروپدی مرمو نے لوک سبھا کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والے سیاسی جماعتوں کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما نریندر مودی کو حکومت سازی کی دعوت دے دی، مودی 9 جون کو تیسری بار وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوں گے۔
بھارتی صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی کے صدر اور سابق وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ آج صبح این ڈی اے کے اتحادیوں نے مجھے اپنا لیڈر چُنا اور اس بات سے صدر کو آگاہ کیا گیا جس کے بعد انہوں نے مجھے ملاقات کے لیے بلایا اور بطور وزیراعظم حلف اٹھانے کی دعوت دی۔
نریندر مودی نے بتایا کہ ان کی حلف برداری کی تقریب 9 جون اتوار کی شام منعقد کی جائے گی، انہوں نے این ڈی اے کو تیسری بار حکومت سازی کا موقع دینے پرعوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔
یاد رہے کہ نریندر مودی جواہر لال نہرو کے بعد تیسری بار وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے والے دوسرے بھارتی سیاستدان ہوں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 543 کے ایوان میں سے 293 نشستیں جیت کر اکثریت حاصل کی ہے، بی جے پی کو 240 نشستیں ملیں۔
این ڈی اے کی سب سے بڑی حریف کانگریس اور اس کی اتحادی جماعتیں غیرمتوقع طور پر 234 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، ان میں سے کانگریس کے امیدوار 99 نشستوں پر فتح یاب ہوئے۔