شینزن: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک چین تعلقات اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک اب نئے دور میں داخل ہورہا ہے۔جس میں بی ٹو بی اس کا سب سے اہم جزو ہوگا۔
چائنہ میڈیا گروپ کے نمائندوں کو انٹرویو دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ون بیلٹ ون روڈ صدر شی جن پنگ کا شاندار منصوبہ ہے، جو اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ دنیا میں امن قائم کئے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کا حصہ ہے، جس کے تحت پاکستان میں بے پناہ ترقی ہوئی اور منصوبے لگائے گئے جن کا پاکستان کی معاشی ترقی کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تھرکول کی صورت میں پاکستان کو بہت بڑا خزانہ دیا عطا کیا ہے اور تیل کے مقابلے میں کوئلہ سے سستی بجلی بنائی جا سکتی ہے، اس کے استعمال سے نہ صرف سستی بجلی پیدا ہوسکتی ہے بلکہ اربوں ڈالر کی درآمدی بچت بھی ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے سی پیک کے حوالے سے پاکستان میں بے پناہ سرمایہ کاری کی اور اب سی پیک ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس میں بی ٹو بی اس کا سب سے اہم جزو ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زراعت میں ہم چین کے تجربات سے مدد حاصل کرنا چاہتے ہیں، چینی کمپنیوں کے ساتھ زراعت کے شعبے میں معاہدے کئے جائیں گے، مجھے پوری امید ہے کہ چینی قیادت ہمارا پورا ساتھ دے گی۔