نئی دہلی: بھارتی ریاست گجرات میں ایک انڈور گیمنگ زون میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گیم زون میں آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کسی کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہونے کے باعث ڈی این اے کرایا جا رہا ہے۔
ریسکیو ٹیم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات اور ہنگامی حالت میں انخلا کا راستہ نہ ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
اسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدا میں 20 افراد کو مردہ حالت میں لایا گیا جب کہ 13 زخمیوں میں سے 4 نے دوران علاج دم توڑ دیا اور 3 مزید لاشیں لائی گئیں۔
زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک ہونے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔
پولیس نے گیمنگ زون کے مالک اور منیجر کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔