کوئٹہ: پاکستان کی سر زمین پر افغانستان سے لائے جانے والے غیر ملکی اسلحے کے استعمال کے ثبوت ایک بار پھر منظرِ عام پر آگئے۔
فورسز پاک افغان سرحد کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے ضلع ژوب کے جنرل ایریا سمبازہ میں 21 اپریل 2024 سے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کر رہی ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز نے 29 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔
افغانستان سے تعلق رکھنے والے ان دہشتگردوں سے آپریشنز کے دوران بھاری مقدار میں غیر ملکی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ 14 مئی 2024 کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا جس کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک گیا۔
ان ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں غیر ملکی اسلحہ جس میں ٹائپ 69 آر پی جی، پی کے ایم مشین گن، ایم 16 رائفل، راکٹس، دستی بم اور دیگر دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔