راولپنڈی: پاکستان تحریک کے رہنما عمر ایوب نے کہا کہ شیر افضل مروت کے بیانات کا بانی پی ٹی آئی نے نوٹس لیا، بانی پی ٹی آئی نے حکم جاری کیا ہے کہ شیرافضل مروت کو کور کمیٹی اور تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی سے فوری علیحدہ کیا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے اڈیالہ جیل کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیرافضل مروت کو باربار کہا گیا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہیں کرنی، بانی پی ٹی آئی نے کہا محمد بن سلمان کے ساتھ ذاتی تعلقات ہیں، شیر افضل مروت نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ شیر افضل مروت کے بیانات کا بانی پی ٹی آئی نے نوٹس لیا، بانی پی ٹی آئی نے حکم جاری کیا ہے کہ شیرافضل مروت کو کور کمیٹی اور تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی سے فوری علیحدہ کیا جائے، بانی پی ٹی آئی نے شیرافضل مروت کو فوری شوکاز نوٹس جاری کرنے کا کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ سے آصف زرداری نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین گاڑیاں لیں، نوازشریف نے دو گاڑیاں غیرقانونی طریقے سے لی تھیں، مریم نواز نے توشہ خانہ سے لی جانے والی گاڑی کو ڈکلیئر ہی نہیں کیا تھا، بانی پی ٹی آئی نےعارف علوی کو نہایت اہم ذمہ داری سونپی ہے۔