راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے، عقلمندی کا تقاضا ہے جس نے قوم کو مینڈیٹ دیا اس کا احترام کیا جائے۔
سابق صدر عارف علوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نومئی میں فوج کے اندر جو لوگ ملوث تھے ان کو سزا دیدی گئی، ہم بھی یہی کہتے ہیں فوج کے چند لوگ ملوث ہیں، نومئی کے واقعات پر تحریک انصاف کی ساری پارٹی کو دبا دیا گیا۔
عارف علوی نے کہا کہ قمرباجوہ نے کہا تھا فوج آئندہ سیاست میں حصہ نہیں لے گی، بچہ بچہ جانتا ہے فوج نے الیکشن میں کس طرح مداخلت کی، آپ نے فوج کے امیج کو نقصان پہنچایا، فوج کے کچھ لوگوں کا الیکشن میں ہاتھ ضرور ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ ہمیں کہا گیا معافی مانگی جائے، کیا جس کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے وہ معافی مانگے؟ قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے، عقلمندی کا تقاضا ہے جس نے قوم کو مینڈیٹ دیا اس کا احترام کیا جائے، یہ کہنا کہ 7 فیصد لوگوں نے ووٹ دیا قوم کو تباہی کی طرف لیجائے گا۔