کراچی: 9 مئی کے دل سوز واقعہ کو ایک سال مکمل ہونے پر کراچی و سندھ بھر میں شہداء کے حق میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اور بچوں نے ریلیاں نکالیں، سجاول، ٹھٹھہ و بدین میں بھی متعدد افراد نے ریلیاں نکالیں، حیدرآباد، سکھر، ٹنڈو محمد خان اور کشمور میں بھی ریلیاں نکالی گئیں، میر پور خاص، نوشیرو فیروز، لاڑکانہ، جیکب آباد میں عوام کا پرجوش سمندر پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کرتا مختلف ریلیوں کی شکل میں امڈ آیا۔
شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے،اس گھناؤنےعمل میں شامل شرپسند اور ملک دشمن عناصر کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔
شرکاء نے کہا کہ پاک افواج اور شہداء پاکستانی عوام کے ماتھے کا جھومر ہیں، شہداء کی یاد گاروں کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے، سانحہ 9 مئی کو ایک سال بیت گیا مگر وہ تلخ یادیں آج بھی تازہ ہیں اور شر پسند عناصر کی سنگینی کو ظاہر کرتی رہتی ہیں۔
شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ عوام پاک فوج سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، شرپسند عناصر جتنا مرضی پراپیگنڈا کریں عوام کے دلوں سے فوج کی محبت میں رتی برابر بھی کمی نہیں لاسکتے۔