ٹوکیو:جاپان نے بھی اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت کر دی۔
جاپانی وزیرِ خارجہ یوکوکامی کاوا نے کہا ہے کہ اسرائیل پر ایرانی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ایران کا حملہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھائے گا۔
دوسری جانب برازیل نے عالمی برادری سے کشیدگی بڑھنے سے روکنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔
برازیلی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر ایران سے ڈرون اور میزائل حملوں پر شدید تشویش ہے، برازیل غزہ پٹی سے آگے کے علاقوں میں تباہ کن اثرات سے خبردار کرتا رہا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق لاطینی امریکی ملک یوراگوئے نے بھی اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت اور مشرق وسطیٰ تنازع بگڑنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یورپی یونین کمیشن کی سربراہ ارسلا وان درلین نے بھی اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے فریقین سے پرُامن رہنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ فریقین کو خطے میں استحکام کی بحالی کے لیے کام کرنا چاہیے۔
علاوہ ازیں کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت کی ہے۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کینیڈا اسرائیل پر ایرانی حملے کی واضح الفاظ میں مذمت کرتا ہے، ایران کی تازہ کارروائی خطے کو غیر مستحکم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حماس کے7 اکتوبر کے اسرائیلی حملے پر کینیڈا اسرائیل کے ساتھ ہے۔