نیویارک:امریکہ میں ہونے والے سورج گرہن کے موقع پر جانوروں اور چرند پرند کی جانب سے حیرت انگیز برتاؤ کا اظہار کیا گیا۔
امریکہ کے مقامی چڑیا گھر کی انتظامیہ اور سائنسدانوں کی جانب سے جانوروں کے برتاؤ پر جانچ پڑتال کی گئی ہے، ٹیکساس کے فورٹ ورتھ زوو میں سائنسدانوں کی جانب سے گوریلا، زرافہ، شیر، فلیمنگوز پر تحقیق کی گئی۔
تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ ان میں سے کچھ جانور سورج گرہن کے وقت تجسس میں مبتلا ہو کر غیر معمولی طرح سے برتاؤ کرنے لگے۔
زوو انتظامیہ کے مطابق سورج گرہن ہوتے ہی ہاتھی، زرافہ، گوریلا، کچھوے ایسے مقام پر چلے گئے جہاں چھاؤں تھی اور وہ آرام کرتے تھے، جبکہ الو اور رنگ ٹیل بلی اس دوران فعال طور پر حرکت کرتے دکھائی دیئے۔
تاہم امریکہ کے دالاس چڑیا گھر میں زرافہ اور زیبرا غیر معمولی طور پر بھاگتےنظر آئے، گویا انہیں اس حوالے سے خوف آنا شروع ہو گیا ہو، دوسری جانب چمپانزی اپنے پنجرے میں گھومتا ہوا دکھائی دیا، علاوہ ازیں حیرت انگیز طور پر سورج گرہن کی شروعات سے قبل ہی پنگوئنز، فلیمنگو خاموش رہ کر تکتے دکھائی دیئے۔
غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میں انڈیانا پولس چڑیا گھر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پرندوں کی جانب سے غیر معمولی اور حیرت انگیز رویہ اپنایا گیا، پرندوں کو یوں لگا گویا رات کا سماں چھا گیا ہو۔
چڑیا گھر کے سی ای او ڈاکٹر رابرت شماکے کہتے ہیں کہ آپ سن سکتے ہیں کہ چہکنے والے پرندے اس موقع پر بلکل ایسے ہیں، جیسے سانپ سونگھ گیا ہو۔