غزہ: اسرائیل نے سلامتی کونسل کی غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد کو ہوا میں اڑاتے ہوئے مزید 81 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کے آٹھ واقعات میں مزید 81 فلسطینی شہید اور 93 زخمی ہوگئے۔
الجزیرہ کے مطابق رفح میں ایک گھر پر رات گئے اسرائیلی بمباری میں اٹھارہ افراد شہید ہوئے جن میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔
ادھر غزہ میں ہوائی جہاز سے گرائی گئی امداد کے حصول کی کوشش میں 12 افراد ڈوب کر اور چھ بھگدڑ میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
تازہ ترین واقعات کے بعد 7 اکتوبر سے جاری جنگ میں شہادتوں کی تعداد بڑھ کر 32 ہزار 414 ہوگئی جبکہ 74 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں جن میں کمسن بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پیر کو غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔
سلامتی کونسل کے 15 میں سے 14 ارکان نے قرارداد کی حمایت میں ووٹ دیا تھا جبکہ امریکا نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔