مالی : مغربی افریقہ کے ملک مالی میں ایک مسافر بس پل سے گر نے کے نتیجے میں 31 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثہ 27 فروری کو مقامی وقت کے مطابق شام کو تقریباً 5 بجے پیش آیا تھا۔
بدقسمت بس مالی کے علاقے کینیبا سے ہمسایہ ملک برکینا فاسو جا رہی تھی جب وہ دریائے بگوئی کو عبور کرتے ہوئے پل سے الٹ گئی، واقعے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے جس میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں کہا کہ بس کینیبا کمیون سے برکینا فاسو جا رہی تھی، ایک پل سے ٹکرا گئی، جس کی ممکنہ وجہ ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول کھو دینا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ متاثرین میں مالی اور مغربی افریقہ کے دیگر علاقوں کے شہری شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مالی میں سڑک حادثات کئی عوامل کی وجہ سے عام ہیں، جن میں بہت سی سڑکوں اور گاڑیوں کی خراب حالت، اوور لوڈنگ اور ناقص ریگولیٹڈ پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر مسائل شامل ہیں۔