واشنگٹن:امریکی خلائی کمپنی ناسا نے کائنات کا نقشہ کھینچنے کیلئے خلا میں نئی ٹیلی سکوپ بھیجنے کی تیاری کرلی۔
امریکی خلائی کمپنی ناسا کا کہنا ہے کہ نئی ٹیلی سکوپ کو استعمال میں لاتے ہوئے کائنات کی نقشہ سازی اور زمین کو سیارچوں سے بچانے میں مدد حاصل کی جاسکے گی۔
جان ہوپکنز یونیورسٹی کی اپلائیڈ فزکس لیبارٹری کے محققین کی جانب سے لکھے نئے تحقیقی مقالے میں مصنفین نے بتایا کہ اسفیئر ایکس (SPHEREx) خلاء میں جا کر نیو وائز (NEOWISE) حساسیت کی مدد سے نظامِ شمسی میں موجود لاکھوں اجرام کی درجہ بندی کرنے کے لیے موقع فراہم کرے گی۔
نیووائز ناسا کا سیارچے ڈھونڈنے کا ایک کامیاب مشن ہے جس سے 10 سال کے آپریشن کے دوران 3000 سے زائد زمین سے قریب اجرام کی تلاش کی جاچکی ہے۔
مصنفین کے مطابق اسفیئر ایکس سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے ممکنہ خطرناک اجرام کو دیکھا جا سکے گا اور بالآخر یہ چیز سیارے کو بچانے میں مدد دے گی۔
ناسا کی اسفیئر ایکس ٹیلی سکوپ، جس کی لانچ 2025 کے دوسرے سہ ماہی یا اس کے بعد متوقع ہے، خلاء میں دوسال تک پورے آسمان کا آپٹیکل اور انفرا ریڈ سروے کرے گی۔