عدیس ابابا: برازیل کے صدر نے غزہ میں نسل کشی کو ہولوکاسٹ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کرکے ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا نے ایتھوپیا میں افریقی یونین کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ ماضی میں کبھی بھی نہیں ہوا، تاریخ غزہ کی اس وحشیانہ جنگ کی مثال نہیں پیش کر سکتی۔
صدر لولا ڈی سلوا نے کہا کہ اس وقت غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ نسل کشی ہے، غزہ جنگ ویسی ہی ہے جیسا ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا۔
صدر لولا ڈی سلوا نے کہا کہ جو کچھ اسرائیلی فوج کر رہی ہے یہ سپاہیوں کی سپاہیوں کے خلاف جنگ نہیں، یہ انتہائی جدید اسلحے سے لیس فوج کی غزہ میں عورتوں اور بچوں کے خلاف جنگ ہے۔
دوسری جانب برازیل کے صدر کے بیان پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو برہم ہوگئے، عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر ارعظم نیتن یاہو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ برازیلین صدر کا بیان ہولوکاسٹ کو معمولی بنانا ہے،ان کا یہ بیان یہودی لوگوں پر حملہ ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ برازیلین صدر کا بیان اسرائیل کے حق دفاع پر حملہ ہے، اسرائیل کا نازیوں اور ہٹلر سے موازنہ کرنا سرخ لکیر عبور کرنا ہے۔
ادھر اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ برازیلین صدر کے بیان پر احتجاج کیلئے برازیلی سفیر کو طلب کریں گے۔