کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی کی بلوچستان میں حکومت سازی کیلیے پوزیشن مزید بہتر ہوگئی ہے کیونکہ تین آزاد امیدواروں نے پی پی میں شمولیت اور حکومت میں ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔
بلوچستان سے منتخب ہونے والے تین آزاد امیدواروں کی سابق صدر آصف علی زرداری کی بلوچستان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات کرنے والوں میں لیاقت لہڑی ،اسفند یارکاکڑ اور مولوی نوراللہ شامل تھے۔
تین آزاد امیدواروں نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
شمولیت کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب آزاد رکن بلوچستان اسمبلی مولوی نوراللہ نے کہا کہ اسلام آباد میں سابق صدر آصف زرداری سے بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے بات ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ میرے ساتھ نومنتخب اراکین اسمبلی میں اسفند یار کاکڑ اور لیاقت علی لہڑی بھی ملاقات میں شامل تھے۔
مولوی نور اللہ نے کہا کہ میں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی، البتہ بلوچستان میں حکومت سازی کے لیے پیپلز پارٹی کا ساتھ دوں گا، دیگر دو آزاد اراکین اسفند یار کاکڑ اور لیاقت لہڑی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
خیال رہے کہ آزاد حیثیت سے الیکشن میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے پاس کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد کسی بھی جماعت میں شمولیت کیلیے صرف چوبیس گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔