لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 9 کا ترانہ ’کھل کے کھیل‘ آج ریلیز کیا جائے گا جبکہ اس کا ٹیزر پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر گزشتہ روز پی ایس ایل کے آفیشل پیج سے پی ایس ایل کے سیزن 9 کے ترانے کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا۔پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق پی ایس ایل کے سیزن 9 کا ترانہ ’کھل کے کھیل‘ آج ریلیز کیا جانا ہے۔
پی ایس ایل کے سیزن 9 کے ترانے کے ساتھ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر کی 4 برس بعد پی ایس ایل میں واپسی ہو رہی ہے۔
اس بار علی ظفر اور گلوکارہ آئمہ بیگ مشترکہ طور پر ترانہ پیش کر رہے کہ جس کا ٹائٹل ’کھل کے کھیل‘ علی ظفر نے پہلے ہی مداحوں کو بتا دیا۔ قبل ازیں علی ظفر نے آخری بار 2018 کے پی ایس ایل میں ’دل سے جان لگا دے‘ پیش کرکے مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔
انہوں نے 2016 میں پی ایس ایل کے افتتاحی سیزن کے لیے پہلا ترانہ ’اب کھیل کے دیکھا‘ پیش کیا جو شائقین کرکٹ کو بہت پسند آیا تھا۔ 2017 میں انہوں نے پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کے لیے ’اب کھیل جمے گا‘ گایا تھا۔
دوسری جانب آئمہ بیگ نے 2019 میں نصیبو لال اور ینگ اسٹینرز کے ہمراہ پی ایس ایل ترانے کا حصہ تھیں۔ انہوں نے 2022 کے سیزن میں گلوکار عاطف اسلم کے ہمراہ ’سب ستارے تمہارے‘ پیش کیا تھا۔