لندن: برطانیہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں تمام جماعتوں کو باضابطہ طور پر حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم انتخابات میں ووٹ ڈالنے والوں کی تعریف کرتے ہیں۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک برطانیہ دیرینہ تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، ہمارے لوگوں کے درمیان مضبوط روابط ہیں، انتخابات کی شفافیت اور شمولیت کے فقدان پر خدشات کو بھی تسلیم کرتے ہیں، اہم اصلاحات کیلئے مینڈیٹ کے ساتھ عوامی حکومت کا انتخاب ضروری ہے۔
ڈیوڈ کیمرون نے مزید کہا ہے کہ ہمیں افسوس ہے کہ تمام جماعتوں کو با ضابطہ طور پر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی، کچھ سیاسی رہنماؤں کو انتخابات میں شرکت سے روکنے کیلئے قانونی طریقہ کار کا غلط استعمال کیا گیا، پولنگ ڈے پر انٹرنیٹ بندش نتائج میں تاخیر اور گنتی میں بے ضابطگیوں کے دعوؤں کو بھی نوٹ کرتے ہیں۔
برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی اگلی حکومت کیساتھ ملکر کام کرنے کے منتظر ہیں، پاکستانی حکام معلومات تک رسائی اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھیں، پاکستان کے تمام شہریوں اور برادریوں کیلئے مساوی مفادات اور انصاف کے ساتھ نمائندگی ہونی چاہیے۔