غزہ : غزہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم کاسلسلہ نہ رک سکا ۔صہیونیوں کے شمالی و جنوبی غزہ میں شدید بمباری سے 24 گھنٹے میں مزید 165 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ پر اسرائیل کے حملے تھم نہ سکے ، 24 گھنٹوں میں مزید 165 فلسطینی شہید جبکہ ، 290 زخمی ہوئے جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 26 ہزار 422 ہو گئی جبکہ 65 ہزار زخمی ہیں ۔
اسرائیل کے مسسلسل حملوں کے باعث فلسطینیوں کو اپنے پیاروں کی میتوں کو قبرستان لے جانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے جس کے باعث خان یونس کے نصر میڈیکل کمپلکس کے احاطے میں ہی 35 فلسطینیوں کی اجتماعی تدفین کردی گئی۔
سردی میں اضافے نے غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کی تکالیف بڑھا دی ہیں ، رفاہ میں13 لاکھ سے زائد فلسطینی کھلے آ سمان تلے رہنے پر مجبور ہیں جبکہ خوراک اور ادویات کی بھی شدید قلت ہے۔
غزہ میں صحت کی صورت حال بھی مکمل تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) نے بتایا کہ 22 مراکزِ صحت میں سے صرف 4 ہی فعال ہیں۔
ادھر اسرائیل نے جنوبی لبنان پر فضائی حملے کیے، حملوں میں بیروت میں حزب اللہ کے3 جنگجو جاں بحق ہوگئے جبکہ بارڈر پر اسرائیلی فوج اور حزب اللہ جنگجوؤں کے درمیان جھڑ پیں جاری ہیں ۔