دمشق : لبنان اور شام میں سرکردہ مزاحمتی رہنماؤں کے خلاف پے در پے حملوں کے درمیان دمشق ایک بار پھر زوردار دھماکوں سے لرز اٹھا۔
عرب میڈیا کے مطابق انسانی حقوق کی رصدگاہ کے سربراہ نے بتایا کہ آج صبح شام کا دارالحکومت دمشق زوردار دھماکوں سے لرز اٹھا، جس کے بعد دھماکے کی جگہ سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
شامی خبر رساں ایجنسی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے کا نشانہ دارلحکومت کے وسط میں ایک رہائشی عمارت تھی ، حملے کا نشانہ المزہ کا علاقہ تھا جہاں زیادہ تر مغربی طرز کے ویلاز موجود ہیں۔
اس علاقے میں لبنانی اور ایرانی سفارت خانے سمیت متعدد سفارتی مشنز موجود ہیں۔
خبر رساں ادارے کو شام کے حامی علاقائی اتحاد کے ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی حملے میں ایران کے پاسداران انقلاب کا رکن ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکے کی آواز دارلحکومت میں دور دور تک سنی گئی، حملے کی تفصیل جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر انسانی حقوق کی رصدگاہ کے سربراہ نے دھماکے میں پانچ اموات کی تصدیق کی ہے۔