لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ شیڈول کے مطابق الیکشن نہ کرائے گئے تو ملکی استحکام کوخطرات لاحق ہوں گے۔ہم ملک میں چہرے نہیں نظام بدلنے کے خواہاں ہیں۔
انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عوام ناکام سیاسی جماعتوں کی دوغلی اور دورخی پالیسیوں کو پہچان چکے ہیں، شیڈول کے مطابق الیکشن نہ کرائے گئے تو ملکی استحکام کوخطرات لاحق ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ناکام سیاسی جماعتیں عوام کے سامنے منشور کی بجائے کارکردگی پیش کریں، جمہوری اور ترقی یافتہ ریاستیں ہر قیمت پر عوام کو حق رائے دہی کا موقع دیتی ہیں، خاندانوں پر مشتمل سیاسی جماعتیں سٹیٹس کو برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔
سراج الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ بے روزگاری، بدامنی، مہنگائی کے باعث نوجوان ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں، جماعت اسلامی فوری غیرجانبدار اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے، ہم چہرے نہیں نظام بدلنے کے خواہاں ہیں، پانچ فیصد اشرافیہ نے پچانوے فیصد عوام کو یرغمال بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکمران جماعتیں اپنی بادشاہت اور بیٹے بیٹیوں کو قوم پر مسلط کرنا چاہتی ہیں، جماعت اسلامی نے سب سے پہلے فلاحی ریاست کا منشور پیش کیا، عوام8 فروری کو ترازو پر مہر لگا کر ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھیں