اسلام آباد:فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے سے متعلق فیصلے جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے مطالبہ کیا ہے کہ ریٹرننگ افسران امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے سے متعلق فیصلے جاری کریں۔ تفصیلی فیصلوں کا اجراء کاغذات مسترد کرنے کی وجوہات جاننے کے لیے ضروری ہے۔
فافن نے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسران ایک مخصوص ضابطے کے تحت ہی کاغذات مسترد کر سکتے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن ضوابط کے خلاف کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر اپنے اختیارات کے استعمال کا حق رکھتا ہے۔
فافن نے کہا ہے کہ الیکشن دو ہزار چوبیس کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی شرح بارہ اعشاریہ چار فیصد رہی ہے۔ جو دو ہزار اٹھارہ میں دس اعشاریہ چار جبکہ دو ہزار تیرہ میں چودہ اعشاریہ چھ فیصد تھی۔