راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ میری واضع کامیابی دیکھ کر مجھے نااہل قرار دیا گیا ہے لیکن میں اپنا حق نہیں چھوڑوں گا۔
کاغذات نامزدگی مستر کیے جانے پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کل سے ابتک پوری کوشش کی کہ مجھے فیصلے کی کاپی دی جائے تاکہ سپریم کورٹ سے اپنا حق حاصل کروں۔ میں اپنے حق کے لیے آئینی اور قانونی لڑائی لڑتا رہوں گا۔
ویڈیو پیغام میں سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ کل بلا کر بتا گیا کہ 12 سال قبل مری کے کسی ریسٹ ہاؤس میں رہنے کی بنیاد پر 942 روپے ادا نہیں کیے جس پر نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ ایسا بھونڈا اور گھٹیا مذاق ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، 50 سال میں کوئی ثابت کرے کہ میں کسی ریسٹ ہاؤس میں رہا ہوں تو میں سیاست سے دستبردار ہونے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ این اے 56 اور این اے 57 سے قلم دوات کے نشان پر انتخابات میں حصہ لے رہا ہوں جہاں پی ٹی آئی کے ووٹرز و سپورٹرز کی حمایت حاصل تھی۔ پی ڈی ایم کو بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں ملے گا اور قلم دوات تاریخی کامیابی سے جیتے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سازشیں کرنے والے لوگ جنہوں نے معاشی، سیاسی اور اقتصادی طور ملک کو تباہ کر دیا دوبارہ لندن جائیں گے لیکن ہم پاکستان میں جئیں گے پاکستان میں مریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے شیخ رشید کے این اے 56 اور این اے 57 سے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے تھے۔