قاہرہ : معروف مصری فٹبالر محمد صلاح نے غزہ کی صورتحال پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کو کہا ہے کہ وہ غزہ کے لوگوں کے مصائب پر عادی نہ ہوجائیں بلکہ ان کے درد کو محسوس کریں۔
عرب میڈیا کے مطابق صلاح نے یہ پیغام کرسمس کے موقع پر جاری کیا ہے جو کہ غزہ جنگ شروع ہونے سے اب تک ان کا یہ دوسرا اہم پیغام ہے جو ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہادتوں کی تعداد 20ہزار سے تجاوز کرچکی ہے اور دنیا بھر میں کرسمس کا ماحول ہے۔
مصری فٹبالر محمد صلاح نے اپنے پیغام میں کرسمس ٹری کی ایک سیاہ اور سفید رنگ کی تصویر لگائی ہے تاکہ وہ کرسمس کے موقع پر بھی غزہ کے لوگوں کے لیے اپنے غم کا اظہار کر سکیں۔
سوشل میڈیا پر پیغام میں صلاح نے کہا میں اس بار کرسمس کو ایک بھاری دل کے ساتھ دیکھ رہا ہوں، اس کی وجہ غزہ میں شدید بمباری اور ہزاروں جانوں کا نقصان ہے۔
فٹبالر نے مزید لکھا کہ مشرق وسطیٰ ایک ظالمانہ جنگ سے گزر رہا ہے، خصوصاً غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی نے کرسمس کو بھی درد سے بھر دیا ہے، ان خاندانوں کے درد سے جنھیں غزہ میں اپنے پیاروں سے جدا ہونا پڑا براہ کرم ان کو مت بھولیے اور ان کے مصائب کو اپنی ایک عادت نہ بنائیے بلکہ محسوس کیجیے۔
خیال رہے کہ صلاح کے سوشل میڈیا پر فالوورز کی تعداد 63 ملین سے زیادہ ہے اور صرف انسٹاگرام اور ایکس پر تقریباً 19 ملین لوگ صلاح کو فالو کرتے ہیں۔
عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ مصری ہلال احمر نے ماہ اکتوبر میں اطلاع دی تھی کہ 31 سالہ محمد صلاح نے غزہ کے لوگوں کے لیے ایک بھاری رقم کا عطیہ دیا ہے، محمد صلاح نے 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی غزہ جنگ کے تقریباً دو ہفتے بعد جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے جنگ کو فلسطینیوں کے قتل عام سے تشبیہ دی تھی۔