دوحا:قطر کے دارالحکومت دوحامیں خلیج تعاون کونسل کا 44واں سربراہی اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سکریٹری جنرل خلیج تعاون کونسل نے سربراہی اجلاس کے اختتام پر اعلان دوحا کا اعلامیہ جاری کیا۔
اعلامیہ میں غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی اور امدادی راہداریوں کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں موجودہ کشیدگی کا دائرہ وسیع ہونے کے امکانات سے خبردار کیا گیا۔
خلیج تعاون کونسل کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک نے فلسطین سے متعلق اصولی موقف کا اعادہ کیا۔
جی سی سی نے فلسطینی قوم کیلئے 1967 کی حد بندی کے تحت خود مختار ریاست کے قیام پر زور دیا اور کہا کہ فلسطینی قوم کیلئے خود مختار ریاست کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس کو بنایا جائے۔
اس موقع پر جاری اعلامیہ میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک نے فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس نے جنگ بندی کیلئے قطر، مصر اور امریکا کی کوششوں کو سراہا۔
اعلامیہ میں غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر عارضی جنگ بندی کو مکمل جنگ بندی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
اعلامیہ میں غزہ کی پٹی کے فلسطینیوں کیلئے امدادی سامان پہنچانے پر بھی زور دیا گیا۔ خلیجی ممالک نے جنگ کے خاتمے پر غزہ میں تعمیر نو 2009 پروگرام کے تحت شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔