نیویارک: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی امریکی جیل میں قید اپنی بہن ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے ملاقات ہوگئی۔ڈاکٹر فوزیہ کاکہناہے کہ عافیہ صدیقی اور میرے درمیان شیشہ تھا، ہم دونوں بہنیں ایک دوسرے کے سامنے بیٹھ کر روتی رہیں۔
امریکی جیل میں قید پاکستانی سائنسدان عافیہ صدیقی سے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ جیل میں عافیہ صدیقی کی حالت پہلے سے زیادہ خراب لگی ہے، عافیہ کی حالت بیان کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری عافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات ہوئی، عافیہ صدیقی اور میرے درمیان شیشہ تھا، ہم دونوں بہنیں ایک دوسرے کے سامنے بیٹھ کر روتی رہیں، اس مرتبہ عافیہ صدیقی سے ملاقات کر کے میرا دل بیٹھا جارہا ہے۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ ملاقات کے اختتام پر بہت دکھی ہوں، عافیہ صدیقی کو ایک بار پھر اسی حالت میں چھوڑ آئی ہوں۔
فوزیہ صدیقی کے وکیل کلائیواسٹیفورڈ اسمتھ کا کہنا تھا کہ بالآخر آج ڈاکٹر فوزیہ کی اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات ہوگئی، دونوں بہنوں کو ایک دوسرے کو چھونے کی اجازت نہیں تھی، ملاقات کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی تکلیف پر روتی رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکی جیل میں قید اپنی بہن سے ملاقات کیلئے جیل کے باہر موجود تھیں تاہم امریکی جیل حکام کی ٹال مٹول کے باعث ان کی اپنی بہن سے ملاقات نہیں ہو پائی تھی۔