غزہ:غزہ میں الشفا ہسپتال حملے میں شہید ہونیوالے 100 سے زائد فلسطینیوں کی لاشوں کو ایک اجتماعی قبر میں دفن کردیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ لاشیں مبینہ طور پر الشفا ہسپتال پر اسرائیلی قبضے کے بعد وہاں سے ملی تھیں، یہ لاشیں بری طرح گل سڑ گئی تھیں جن میں خواتین اور بچوں کی لاشیں بھی شامل تھیں۔
ان لاشوں میں سے بعض بری طرح جلی ہوئی تھی، کچھ کو الیکٹرک شاٹ دیئے گئے تھے اور کچھ دھماکے اور گولیوں سے بری طرح چھلنی تھیں، چہرے مسخ تھے اور شناخت ممکن نہ تھی۔
اسرائیل کے مسلسل حملوں میں طبی مراکز کے تباہ ہونے کے باعث صحت کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جس کے باعث ان لاشوں کی سائنسی اور طبی بنیاد پر شناخت کا عمل بھی مکمل نہ ہوسکا تھا۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جب کہ 25 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔