بیونس آئرس:ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈکپ 2022 میں پہنی گئیں جرسیاں نیلام کرنے کا اعلان کر دیا۔
میسی نے گزشتہ دنوں انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے 2022 میں قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ میں پہنی گئیں 6 جرسیوں کی نیلامی کا اعلان کیا۔
لیونل میسی نے لکھا کہ ان 6 جرسیوں میں وہ شرٹ بھی شامل ہے جو میں نے ورلڈکپ فائنل میں پہنی تھی، ان کی نیلامی کے لیے بولی 30 نومبر سے 14 دسمبر تک آن لائن جمع کروائی جاسکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق خیال کیا جارہا ہے میسی کی ان جرسیوں کی نیلامی ایک کروڑ ڈالر سے زائد میں ہوسکتی ہے جو کہ کھیل کی تاریخ میں اب تک کی سب سے قیمتی نیلامیوں میں سے ایک ہوگی۔
36 سالہ میسی نے سوشل میڈیا پر نیلامی کی خبر شیئر کرتے ہوئے یہ بھی اعلان کیا کہ اس نیلامی سے حاصل رقم کا ایک حصہ بارسلونا کے چلڈرن ہسپتال کو عطیہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب کسی بھی سپورٹس مین کی سب سے مہنگی جرسی کی نیلامی کا ریکارڈ سابق امریکی باسکٹ بال پلیئر مائیکل جارڈن کے پاس ہے، 1998 میں این بی اے فائنل میں پہنی گئی مائیکل جارڈن کی جرسی گزشتہ برس ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ میسی کی قیادت میں ارجنٹائن نے 2022 کے فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں فرانس کو شکست دے کر تیسری بار ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا۔