غزہ:فلسطین کے جنگ زدہ علاقے غزہ میں ہونے والی بارش سے پناہ گزینوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔
اقوام متحدہ کی 150 عمارتوں میں 7 لاکھ بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں، غزہ میں اسرائیلی بمباری سے دربدر فلسطینیوں کیلئے آسمان سے برستی بوندیں بھی امتحان بن گئیں۔
جنگ زدہ علاقے غزہ میں ہونے والی بارش کا پانی پناہ گزینوں کے خیموں میں داخل ہو گیا جس کے باعث پہلے سے مشکلات کا شکار شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا، بارش سے پناہ گزینوں کے خیمے بھی اکھڑ گئے۔
اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی نے بارشوں سے کیمپوں میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا، ادھر مشکلات کے باوجود بارش کے بعد غزہ کے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ ہمیں پینے کو پانی مل گیا۔