بنگلور: بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 45ویں میچ میں میزبان بھارت کی جانب سے 411 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدر لینڈز کی پہلی وکٹ 5 رنز پر گر گئی۔
بھارت کے شہر بنگلور میں کھیلے جار ہے میچ میں میزبان بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 410 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے اوپنرز نے کھیل کا شاندار آغاز کیا اور 100 سکور کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم شبمن گل 51 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اور کپتان روہت شرما 129 کے مجموعی سکور پر 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی تیسری وکٹ 200 کے مجموعی سکور پر گری جب ویرات کوہلی 51 رنز کی اننگز کھیل کر بولڈ ہوگئے، چوتھی وکٹ کے ایل راہول کی گری جو 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 64 گیندوں پر 102 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بھارتی بلے باز شریاس ایر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 128 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈز نے 2 جبکہ روئیلوف وین ڈیر مروے اور پال وین میکرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ میں اب تک اپنے 8،8 میچز کھیل چکی ہیں جن میں بھارت تمام میچز میں ناقابل شکست رہا اور 16 پوائنٹس کیساتھ پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے۔
نیدر لینڈز کی ٹیم 8 میچز میں سے صرف 2 میچز میں ہی کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور 6 میں اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔